سینئر کھلاڑی کو آرام دیا گیا ہے ،ہمبرگ ماسٹر زیادہ اہم ایونٹ نہیں ،نظر یں جونیئر ورلڈکپ پر ہیں،پی ایف ایچ کی سیکرٹری آصف باجوہ کا ”اردوپوائنٹ “کو خصوصی انٹرویو

بدھ 3 ستمبر 2008 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3ستمبر۔2008ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ ہمبرگ ماسٹر ٹورنامنٹ میں سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ نہیں کیاگیا بلکہ انہیں آرام دیا گیاہے کیونکہ مذکورہ ایونٹ زیادہ اہمیت کا حامل نہیں ہے اور ہماری نظریں جونیئر ورلڈکپ پر لگی ہوئی ہیں۔گزشتہ روز ”اردوپوائنٹ “کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں آصف باجوہ نے کہاکہ سنیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو جونیئر ورلڈکپ کیلئے تیار کرناہے لہذا ہمبرگ ماسٹر کپ میں نوجوان کھلاڑی اولمپک چیمپئن جرمنی سمیت دیگر یورپئین ٹیموں کے خلاف کھیل کر نہ صرف سیکھیں گے بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو غلطیوں جانچنے کا موقع بھی ملے گا۔

آصف باجوہ نے کہاکہ اولمپک گیمز میں ٹیم کی ناکامی کے بعد پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کی سلیکشن کیلئے نئی پالیسی تیار کی ہے جس کے مطابق تمام کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائیگا اور جو کھلاڑی پالیسی کے معیار پر پورا اترے گا اسے ٹیم میں شامل کیا جائیگا اور جو پالیسی کے ضرورت کے مطابق فٹنس ثابت نہیں کریگا چاہے وہ ٹیم کا سینئر کھلاڑی ہو یا جونیئر اسے فارغ کردیاجائیگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں پی ایچ ایف کے سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک لیگ ہاکی کھیلنے کے حق میں ہیں تاہم جب ملک کو ضرورت پڑے تو کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی ترجیح دینا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ چند سینئر کھلاڑی لیگ ہاکی کھیلنے کی غرض سے بیرون ملک جارہے ہیں جوکہ ان کا حق ہے کہ وہ پیسہ کمائیں اور اس بار سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے جونیئر کھلاڑیوں کو آزمانے کا موقع ملا ہے جوکہ کافی سودمند ثابت ہوگا۔

کپتان ذیشان اشرف کے بارے میں آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ وہ بہت اچھا کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ نفیس انسان بھی ہے اور اس میں ابھی بہت ہاکی باقی ہے اور انہیں امید ہے ذیشان اپنی فٹنس کو برقرار کھتے ہوئے دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بنے گا۔ہمبرگ ماسٹر کیلئے نئے کپتان کے انتخاب کے سوال پر آصف باجوہ کا کہناتھا کہ فی الحال اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم کیمپ کے اختتام پر جونہی کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائیگا اور تو کپتان کااعلان بھی کردیا جائیگا۔

ایک سوال کے جواب میں آصف باجوہ نے اس بات کی تردید کی کہ انہوں نے بیجنگ میں غیرملکی کوچ کی تقرری کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا تھا تاہم نئے کوچ کے انتخاب کیلئے تمام آپشن کھلے ہیں اور فی الحال کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ اگلا کوچ ملکی ہوگا یا غیر ملکی۔ہمبرگ ماسٹر کیلئے کامران اشرف کو بطور کوچ مقرر کیے جانے پر آصف باجوہ نے کہاکہ مذکورہ ایونٹ میں 80فیصد جونیئر کھلاڑی ہیں اسی لیے جونیئر ٹیم کی مینجمنٹ ہی کو ایونٹ کیلئے تعینات کیا گیا ہے تاکہ جونیئر ورلڈکپ کیلئے بہتر تیاری کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :