ایشیا کپ کے ٹکٹس کی فروخت شروع، پاک بھارت مقابلے کیلئے خصوصی پیکیج متعارف

ہفتہ 30 اگست 2025 12:58

ایشیا کپ کے ٹکٹس کی فروخت شروع، پاک بھارت مقابلے کیلئے خصوصی پیکیج ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے ٹکٹ بھی شامل ہیں۔امارات کرکٹ بورڈ کے مطابق ابوظہبی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس 40 درہم جبکہ دبئی میں شیڈول میچز کے ٹکٹس 50 درہم سے شروع ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بمقابلہ بھارت کے سب سے زیادہ طلب کیے جانے والے میچ کے ٹکٹس ابتدائی طور پر 7 میچوں کے ایک خصوصی پیکیج کے تحت دستیاب ہوں گے جس کی قیمت 1400 درہم سے شروع ہو رہی ہے۔

بورڈ نے مزید وضاحت کی کہ شائقین دیگر تمام میچز کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹکٹس بھی خرید سکتے ہیں جو اس 7 میچوں کے پیکیج میں شامل نہیں ہوں گے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹکٹس دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم اور زاید کرکٹ سٹیڈیم، ابوظہبی کے ٹکٹ دفاتر پر بھی دستیاب ہوں گے، ان دفاتر سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ایشیا کپ 2025 کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی حریفوں کا مقابلہ شائقین کے لیے مرکز نگاہ بنا ہوا ہے۔