سر ڈان بریڈ مین کی تاریخی کیپ 80 کروڑ میں نیلام! کس نے خریدی

ہفتہ 30 اگست 2025 13:11

سر ڈان بریڈ مین کی تاریخی کیپ 80 کروڑ میں نیلام! کس نے خریدی
سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) کرکٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور آسٹریلیا کے لیجنڈری کرکٹر سر ڈان بریڈ مین کی 79 سال پرانی کیپ 80کروڑ میں نیلام ہو گئی۔کرکٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور ہر دور کے کرکٹر کے آئیڈل آسٹریلوی لیجنڈ سر ڈان بریڈ مین کی بیگی گرین کیپ 4 لاکھ 38 ہزار 500 آسٹریلوی ڈالر (پاکستانی کرنسی میں 80 کروڑ 78 لاکھ 470 روپی) میں نیلام ہو گئی۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ نیلامی کینبرا میں ہوئی جہاں نیشنل میوزیم نے یہ کیپ خریدی۔ نیلامی کی آدھی رقم براہ راست وفاقی حکومت کے خزانے میں گئی۔ کینبرا کی وزیر کا کہنا ہے یہ کیپ تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ اسے میوزیم میں شامل کرنا ہمارے لیے اعزاز ہے۔ڈان بریڈ مین نے نیلام ہونے والی یہ بیگی گرین کیپ 47-1946 کی ایشز سیریز میں ٹیم اؔسٹریلیا کی قیادت کرتے ہوئے پہنی تھی اور یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد انگلینڈ کے ساتھ پہلا مقابلہ تھا۔

(جاری ہے)

اس سیریز میں کینگروز نے نا قابل تسخیر رہتے ہوئے تین صفر سے سیریز کو اپنے نام کیا تھا۔نیشنل میوزیم کی ڈائریکٹر کیتھرین میک موہن نے سر ڈان بریڈ مین کی بیگی گرین کیپ عجائب گھر کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ اس قومی خزانے کو آسٹریلیا کے نیشنل میوزیم میں رکھا جائے گا۔اس کیپ کو میوزیم کی جانب سے لینڈ مارکس گیلری میں فخر کے ساتھ ڈسپلے کیا گیا ہے اور یوں یہ بیگی گرین کیپ یہاں موجود ان دیگر یادگاروں میں شامل ہو گئی ہے جو آسٹریلیا کی تاریخ کے اہم اور یادگار لمحات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سر ڈان بریڈ مین نے اپنے کیریئر میں 11 بیگی گرین کیپ پہنیں۔ ان میں سے ایک آسٹریلین اسپورٹس میوزیم میں اور اب یہ نیلام ہونے والی کیپ کینبرا میوزم میں رکھی جائے گی۔ باقی 9 کیپس مختلف نجی لوگوں نے ذاتی طور پر نیلامی میں حصہ لے کر حاصل کیں۔