سابق ڈپٹی اسپیکر اور رکن پنجاب اسمبلی سردارشوکت مزاری دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ،صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی کا اظہارتعزیت،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے گھرجاکرتعزیت کی۔اپ ڈیٹ

جمعہ 14 نومبر 2008 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2008ء) پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور رکن پنجاب اسمبلی سردارشوکت مزاری دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔ان کی عمرساٹھ سال تھی ۔ راجن پورسے منتخب ہونے والے سردارشوکت کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران دل کا دورہ پڑا۔انہیں پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیاگیا۔جہاں وہ جانبرنہ ہوسکے ۔

صدرآصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مرحوم نے جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے اہم کرداراداکیا ۔وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے اپنے پیغام میں کہاکہ سردارشوکت مزاری کی رحلت کسی سانحہ سے کم نہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف شوکت مزاری کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے مرحوم کے گھرگئے ۔ میاں شہباز شریف نے ہدایت کی کہ میت کو ان کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں مرحوم کے آبائی علاقے منتقل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

مرحوم کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مرحوم نے سیاست میں بے مثال خدمت کی جسے ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ سردار زوالفقار کھوسہ ، دوست محمد کھوسہ اور راجہ اشفاق سرور نے بھی مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کی ۔ شوکت مزاری دس فروری انیس سواڑتالیس میں پیداہوئے ۔ پہلی مرتبہ انیس سوستترمیں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور وزیربنے ۔ وہ دوہزاردوسے دوہزارسات تک ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی کے عہدے پرفائز رہے ۔سردارشوکت مزاری سابق نگراں وزیراعظم بلخ شیرمزاری کے کزن تھے ۔