عبدالقادر قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر ،انصاف اور میرٹ کو ترجیح دونگا ،جادو گرلیگ سپنر کی اردوپوائنٹ کے ساتھ گفتگو

جمعرات 20 نومبر 2008 18:35

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین20نومبر2008 ) پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین اعجازبٹ نے سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالقادر کوسلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقررکردیا ہے۔وہ قائمقام چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی جگہ یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے یہ عہدہ گزشتہ ماہ صلاح الدین احمد صلو کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا۔گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے عبدالقاد کے چیف سلیکٹر بنائے جانے کا اعلان کیا۔

عبدالقادر کو پاکستان کی جانب سے 67ٹیسٹ میچز میں 236اور 104ایک روزہ بین الاقومی مقابلوں میں 132وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔عبدالقادر جدید کرکٹ میں لیگ سپن بولنگ کو عروج بخشنے کی بدولت عالمی شہرت رکھتے ہیں۔1977ء میں لاہورقذافی سٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کرنے والے عبدالقادرکیلئے جنوری میں بھارت کے خلاف ہوم سیریز بطور چیف سلیکٹرپہلی اسائمنٹ ہو گی۔

(جاری ہے)

عبدالقادر ایم ایم سی کے تاحیات رکن ہیں جبکہ انہیں پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں قیادت کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔اعجاز بٹ کی جانب سے چیئرمین بنائے جانے کے اعلان کے بعد اردوپوائنٹ سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالقادر نے کہاکہ وہ اپنے دور میں انصاف اور میرٹ کو ترجیح دینگے اور اب کسی غریب اور باصلاحیت کھلاڑی کی ماں سلیکٹرز کو بددعا نہیں دیگی۔

انہوں نے کہاکہ سکول ،کالج ،یونیورسٹی اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والا کوئی بھی کھلاڑی اپنی کارکردگی بل بوتے پر پاکستانی ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ٹیلنٹ کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے رہا ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے انہیں یہ منصب دیا ہے وہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو مکمل موقع فراہم کرینگے۔ماضی کے عظیم لیگ سپنر نے کہاکہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے پروگرام تیا رکررکھا ہے جہاں ابتدائی طور پر ملک کے ٹاپ پرفارمر پر مشتمل چار ٹیمیں بنائی جائیں گی اور ہرسیزن میںآ ٹھ بہترین سپنر ،آٹھ فاسٹ باؤلر ز اور آٹھ بلے بازوں کا انتخاب کیا جائیگا جبکہ انڈر19کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے کرکٹرز کو بھی مناسب موقع فراہم کیا جائیگا۔

عبدالقادر کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اعجازبٹ نان کرکٹرز کی جگہ سابق کپتانوں اور عظیم ٹیسٹ کرکٹرز بورڈ میں لارہے ہیں اس سے پاکستان کرکٹ کا سنہری دور لوٹ آئیگا ۔عبدالقادر سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ چار سابق کپتانوں انتخاب عالم ،وسیم باری ،عامر سہیل اور جاوید میانداد کی خدمات حاصل کرچکی ہے جبکہ سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کو دو سال کیلئے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔(سپورٹس رپورٹر)

متعلقہ عنوان :