شریف برادران کی نااہلی کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج جاری،کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ نواز اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائی میں متعدد افراد زخمی

پیر 2 مارچ 2009 21:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2009ء) شریف برادران کی نااہلی کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔مسلم لیگ نواز شعبہ خواتین نے پشاور پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا اور شریف برادران کی نااہلی پر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔کیمپ نواز لیگ خواتین ارکان سرحد اسمبلی بھی شریک تھیں۔ مسلم لیگ نواز لائیرز ونگ کے زیراہتمام پشاورہائی کورٹ میں احتجاجی کیمپ لگایاگیا ۔

مسلم لیگ یوتھ ونگ کے زیراہتمام ہشت نگری سے سرحداسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے ٹائرجلاکرروڈ بلاک کردیا ۔ مسلم لیگ نواز فاٹا نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور پریس کلب سے گورنر ہاوس تک احتجاجی مارچ کیا ۔ مظاہرین نے شریف برادران کے خلاف عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے سازش قرار دیا ۔

(جاری ہے)

اٹک میں مسلم لیگ نواز، جماعت اسلامی اور وکلاء نے مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی۔

مظاہرین نے حکومت اور نااہلی کا فیصلہ دینے والے ججوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹائر نذرآتش کیے ۔لاہور میں خواجہ سعد رفیق کی زیر قیادت ڈیفنس سے غازی چوک تک امن ریلی نکالی گئی۔ جس میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چھ مارچ کو لاہور میں نیلا گبند سے مسلم لیگ ن کی ریلی نہیں بلکہ عوام کا ریلا نکلے گا۔

ملتان میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں مسلم لیگ نواز کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت ۔مرکزی ریلی مسلم لیگ نواز کے سینر نائب صدر مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ سے شروع ہوکر چونگی نمبر نو پر اختتام پذیر ہو ئی۔ سرگودھا میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیاگیا۔کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ نواز اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ۔مشتعل کارکنوں نے ایک موٹر سائیکل نذرآتش کردی ۔ تاہم ایف سی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کرلیا۔