اپنے تمام ایونٹس میں گولڈ میڈل جیتنے کیلئے پرعزم ہوں ، صد ف صدیقی کی اردوپوائنٹ سے گفتگو

جمعہ 13 مارچ 2009 19:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2009ء) بیجنگ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالی خاتون اتھلیٹ صدف صدیقی کا کہنا ہے کہ وہ 41ویں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اپنے تمام ایونٹس میں گولڈ میڈل جیتنے کیلئے پرعزم ہیں ۔گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم میں گیمز کے افتتاحی روز 100میٹر ریس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سٹیل سے تعلق رکھنے صد ف صدیقی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے پہلے ایونٹ میں گولڈ میڈل تو جیت لیا ہے تاہم انہیں ریکارڈ قائم نہ کرنے کا افسوس ہے۔

صدف نے کہاکہ گزشتہ برس چیمپئن شپ میں الیکٹرونک ٹائم سسٹم کا استعمال کیا گیا جس کی بدولت وہ 200میٹر میں ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہیں اس مرتبہ بھی ہم نے مطالبہ کیا لیکن انتظامیہ نے اس جانب کا ن نہیں دھرے،الیکٹرونک ٹائم سسٹم کے استعمال سے اتھلیٹ زیادہ سے زیادہ تیز بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ ٹائم مشین ان کے سامنے ہوتی ہے اور انہیں اس بات کا خوف لاحق نہیں ہوتا کہ آفیشل بروقت صحیح ٹائم نوٹ کرپائے گا یا نہیں،صدف نے مطالبہ کیا نیشنل اتھلیکٹس چیمپئن شپ کی انتظامیہ کو چاہیے کہ الیکٹرونک ٹائم سسٹم کو مستقل طو رپر استعمال کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا ہو۔

(جاری ہے)

صدف کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی پاک سٹیل ٹیم بھر پورتیاری کیساتھ ایونٹ میں شرکت کررہی ہے گزشتہ برس پاک سٹیل نے 13گولڈ میڈل حاصل کیے تاہم زیادہ میڈلز کی وجہ سے واپڈا نے پہلی اور پاک سٹیل کو دوسری پوزیشن ملی ،اس مرتبہ پاک سٹیل ٹائٹل جیتنے کیلئے بھر پورکوششیں کررہی ہے لیکن بدقسمتی سے پاک سٹیل کی ٹیم میں موجود 12میں سے صرف 5لڑکیاں سنیئر اور تجربہ کار ہیں جبکہ دیگر لڑکیاں پہلی یا دوسری بار مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں اور ہر ایونٹ میں پاک سٹیل کی ایک کھلاڑی حصہ لیتی ہے جبکہ واپڈا سمیت دیگر اداروں کی ایک سے دو لڑکیاں ایونٹ میں حصہ لیتی ہیں جس کی وجہ سے وہ اگر پہلی پوزیشن بھی حاصل نہ کریں تو دوسری اور تیسری پوزیشن ان کے حصہ میں آجاتی ہے جس سے ان کے میڈلز کی تعداد زیادہ رہتی ہے البتہ اگر گولڈمیڈل کے حوالے سے فاتح ٹیم کا انتخاب کیا جائے تو پاکستان سٹیل پہلے نمبر پر رہے گی۔

صدف نے آج ہونیوالے اپنے دوسرے ایونٹ 200میٹر ریس کے حوالے سے بتایا کہ وہ مکمل تیار ی کیساتھ ریس میں شریک ہونگی اورفاتح بن کراپنا اعزاز برقرار رکھیں گی۔ایک سوال کے جواب میں صدف صدیقی نے بتایاکہ بیجنگ اولمپکس میں شرکت سے نہ صرف مجھے بلکہ پوری پاک سٹیل کی ٹیم کو فائدہ پہنچا ہے کیونکہ وہاں دنیا کے بہترین اتھلیٹس کو ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا اور ان کے طرز عمل پر اپنی تیار ی کی جس کے بہترین نتائج مرتب ہونگے۔صدف نے بتایا کہ نیشنل اتھلیکٹس چیمپئن شپ پاکستانی ٹیم کیلئے ڈھاکہ میں ہونیوالی سیف گیمز کی تیاریوں کیلئے کافی مدد گار ثابت ہورہی ہے اور یہاں جوبھی غلطیاں سامنے آئیں گی انہیں نیشنل کیمپ میں ختم کرکے سیف گیمز میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے کی کوشش کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :