پاک امریکہ اسٹریٹجک مذاکرات کل ہونگے،وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی رچرڈہالبروک۔جان کیری اور آرمی چیف جنرل کیانی کی دورہ پینٹاگون کے موقع پر وزیردفاع رابرٹ گیٹس، امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس سے ملاقاتیں

منگل 23 مارچ 2010 21:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ ۔2010ء) پاک امریکہ اسٹریٹجک مذاکرات کل سے واشنگٹن میں ہور ہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے توانائی کے حصول اور سول جوہری ٹیکنالوجی کے حصول پر بھی بات ہوگی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارٹنر شپ کے بغیر تعلقات مضبوط نہیں ہو سکتے۔ پاکستانی وفد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے ارکان اور رچرڈ ہالبروک سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے روز اول کے تعلقات، سویلین حکومت اور فوج کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹ نے پاکستانی اداروں میں بہتر تعلقات کی تعریف کی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جان کیری سے ملاقات میں تعمیر نو اور مواقع زونز پر جلد قانون سازی پر زور دیا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے واشنگٹن میں پینٹاگون کے دورے کے دوران امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس، امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریا س سے ملاقات کی۔ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک امریکہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون مزید بڑھانےپر تباد لہ خیال کیا گیا۔ عسکری قائدین نے پاکستان اور افغانستان میں سیکورٹی کی صورت حال پر بھی بات چیت کی۔ملاقات کے بعد نیوزکانفرنس سے خطاب میں رابرٹ گیٹس نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ طویل المعیاد مستحکم تعلقات چاہتا ہے اور سکیورٹی معاملات میں تعاون کا خواہاں ہے۔