پنجاب اسمبلی میں‌میڈیا کیخلاف قرارداد بدنیتی پر مبنی ہے،نواز شریف، ثنااللہ مستی خیل جیسے لوگوں کو پارٹی سے نکال باہر پھینکنا چاہئے، کسی کو اپنا غصہ نکالنے کیلئے مسلم لیگ نواز کا سہارا نہیں لینے دیں گے، مسلم لیگ ق بھی اس سازش ملوث ہیں،ن لیگ کے قائد کی لندن میں پریس کانفرنس

ہفتہ 10 جولائی 2010 19:28

لندن(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10جولائی۔2010ء) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے خلاف قرداد کی مذمت کرتے ہیں، ثنا اللہ مستی خیل جیسے لوگوں کو پارٹی سے نکال باہر پھینکنا چاہئے۔لندن میں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا پنجاب اسمبلی کی قرارداد بدنیتی پر مبنی ہے، اور اسے اس شخص نے پیش کیا جسے اپنی ڈگری جعلی ہونے کا ڈر ہے۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ وہ پنجاب اسمبلی کی قرارداد سے افسردہ ہیں جعلی ڈگری والوں نے نہ صرف پارٹی کو بلکہ قوم کو بھی دھوکہ دیا۔ ایسی حکومت کا کوئی فائدہ نہیں جس کی بنیاد جعلی ڈگری پر ہو۔نواز شریف نے کہا کہ کسی کو اپنا غصہ نکالنے کیلئے مسلم لیگ نواز کا سہارا نہیں لینے دیں گے، مسلم لیگ ق بھی اس سازش ملوث ہیں، کیونکہ اسے گجرات کی نشست ہارنے پر غصہ ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ میڈیا نے جمہوریت اور عدلیہ کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، میڈیامزید جعلی ڈگری والوں کا کھوج لگائے، وہ ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اپنے اقدامات کے باعث جمہوریت خطرے میں ہے۔اس وقت تین سو سے چار سو ارب روپے کرپشن کی نذر کئے جارہے ہیں۔ جبکہ حکمراں اپنے پول کھلنے کے ڈر سے سپریم کورٹ کے احکامات تسلیم نہیں کررہے۔مڈ ٹرم الیکشن کے بارے میں واضح جواب دینے سے گریزکرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جعلی ڈگریاں زیادہ ہو گئیں تو یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اسمبلیاں بیٹھی رہیں، نواز شریف نے کہا کہ حکومت جمہوریت کے لیے خطرہ بن چکی ہے، نواز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ اچھا کام کررہی ہے اور نیب والے عدلیہ کے خلاف خود نہیں بول رہے،ان سے بلوایا جارہا ہے۔