پاکستان، ایران، بھارت ،افغانستان ،سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں زلزلے کے شدیدجھٹکے، شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی، مرکز پاکستان اور ایران کا سرحدی علاقے میں 155 کلومیٹر زیر زمین تھا ،دورانیہ 20 سے 25 سیکنڈ رہا ، بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں زلزلے کے باعث سینکڑوں مکانات منہدم ،31 افراد جاں بحق،100 سے زائد زخمی، صوبائی حکومت نے علاقے میں فوری طور پر ہنگامی حالت نافذ کردی، پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے اہلکار متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے علاقے میں پہنچ گئے ، کوئٹہ سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ڈاکٹرز ، ادویات ، خوراکی مواد اور دیگر اشیاء روانہ ،کراچی میں زلزلے کے باعث کچھ دیر کے لئے موبائل سروس معطل ،ایران میں عمارتیں گرنے سے 45سے زائدافراد ہلاک، ایک ہزارسے زائدزخمی

منگل 16 اپریل 2013 23:50

اسلام آباد/کوئٹہ/ تہران/نئی دہلی / ریاض/ دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16اپریل۔ 2013ء) پاکستان، ایران، بھارت ،افغانستان ،سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کئے گئے،شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی، مرکز پاکستان اور ایران کا سرحدی علاقے میں 155 کلومیٹر زیر زمین تھا ،دورانیہ 20 سے 25 سیکنڈ رہا، لوگ خوف زدہ ہو کر عمارتوں سے باہر آگئے، پاکستان میں زلزلے کے باعث کچھ دیر کے لئے موبائل سروس بھی معطل ہو گئی ،بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں زلزلے کے باعث سینکڑوں مکانات منہدم ،31 افراد جاں بحق،100 سے زائد زخمی، صوبائی حکومت نے علاقے میں فوری طور پر ہنگامی حالت نافذ کردی، پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے اہلکار متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے علاقے میں پہنچ گئے ، کوئٹہ سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ڈاکٹرز ، ادویات ، خوراکی مواد اور دیگر اشیاء روانہ کردی گئیں ، ادھرایران میں عمارتیں گرنے سے 45سے زائدافراد ہلاک، ایک ہزارسے زائدزخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کوسہ پہرتین بج کر44منٹ اور13سکینڈپر اسلام آباد،کراچی، پشاور ،لاہور،جھنگ ،کوئٹہ نواب شاہ،سکھر،قمبر شہداد کوٹ ،ملتان، سرگودھا،ڈیرہ غازی خان،رحیم یار خان ،سبی اور بولان ،لاڑکانہ،جیکب آباد چمن،پشین،لورالائی،زیارت اورہرنائی سمیت ملک بھرمیں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کئے گئے جن کا دورانیہ 20 سے 25 سیکنڈ رہا۔

زلزلے کے باعث عمارتیں لرزگئیں اورلوگ خوف زدہ ہوکرکلمہ طیبہ کاوردکرتے ہوئے گھروں اوردفاترسے باہرآگئے ۔زلزلے کے جھٹکوں کے دوران کچھ دیر کے لئے موبائل سروس بھی معطل ہو ئی تاہم کچھ وقفے کے بعد سرور بحال ہو گئی اور لوگ اپنے عزیز و اقارب کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کرتے رہے۔ کراچی میں زلزے کے باعث کئی عمارتون کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے پاکستان کے علاوہ ایران،بھارت، سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سمیت کئی ملکوں میں بھی زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کئے گئے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 7.9ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز پاکستان اور ایران کا سرحدی علاقے میں 155 کلومیٹر زیر زمین تھا جبکہ امریکی جیولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق ایران میں زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8 ریکارڈ کی گئی تاہم امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان میں زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ ماضی میں یہاں آنے والے زلزلوں سے زیادہ تھی۔

زلزلے میں پاکستان کے حدود میں ماشکیل کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک کے اطلاعات کے مطابق ماشکیل میں31 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں زلزلے سے ماشکیل سمیت آس پاس کے دیہات صفہ ہستی سے مٹ گئے ۔ 15 سے زائد مکانات اور دکان منہدم ہوئے یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے ملبے تلے افراد کے نکالنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے تاہم مشینری نہ ہونے کے باعث ملبہ ہٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے دوسری جانب ڈاکٹر اور ہسپتال میں ادویات نہ ہونے کے باعث زخمیوں کی علاج ومعالجے میں شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں شدید زخمیوں کو نزدیکی علاقے خاران منتقل کردیا گیا ہے ۔

علاقے میں خوراک اور پینے کے پانی کی شدید قلت ہے دور دراز علاقہ اور دشوار گزار راستے ہونے کے باعث فوری طور پر ہنگامی امداد نہیں پہنچ پارہی ۔صوبائی حکومت نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی وزیراعلیٰ ہنگامی طور پرکوئٹہ پہنچ کر اعلیٰ سطح پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا اور انتظامیہ کو بحالی کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے صوبائی حکومت نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور سے بھی مدد کی درخواست کی جس پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی کام شروع کردیا ۔

پاک فوج اور ایف سی نے کوئٹہ سے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کے علاوہ ادویات ، خوراکی مواد ، ٹینٹ اور دیگر اشیاء رات گئے تک متاثرہ علاقے میں پہنچادی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔کراچی کے علاقوں لیاری اورکھارادر میں زلزلے کے باعث عمارتیں گرنے سے پانچ سے زائد افرادکے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ کراچی میں ائیرپورٹ کوبھی خالی کرالیاگیاہے ۔

ایران میں 45 افراد کے ہلاکت اور900سے زائدافرادکے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں آٹھ اکتوبر2005میں آنے والے 7.6شدت کے زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی میں ایک لاکھ سے زائدافراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ زلزلے سے متاثرہ بیشترعلا قوں میں بحالی کی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔حکام نے آفٹر شاکس کے خدشات کے پیش نظر لوگوں کو عمارتوں سے باہر نکلنے کی ہدایت جاری کردی ۔ زلزلے کے باعث کراچی میں کئی مقامات پر افراتفری اور ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے ۔