ملا عمر کے قریبی رفقاء سے حال ہی میں ملاقات ہوئی ہے ، طالبان سے مذاکرات ہونے چاہئیں ، مولانا سمیع الحق ،شمالی وزیرستان میں کسی آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے ، جے یو آئی (س)کے سربراہ کا سیمینار سے خطاب

منگل 28 جنوری 2014 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 جنوری ۔2014ء) جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ملا عمر کے قریبی رفقاء سے حال ہی میں ملاقات ہوئی ہے ، طالبان سے مذاکرات ہونے چاہئیں ، شمالی وزیرستان میں کسی آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے۔ منگل کو افغانستان میں قیام امن سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہاکہ طالبان سے مذ اکرات ہونے چاہیے، میری ملا عمر کے قریبی رفقاء سے حال ہی میں ملاقات ہوئی ہے، امریکہ فوج اور طالبان کو لڑانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں کسی آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے، آپریشن کے خوف سے تیرہ ہزار افراد شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔مولانا سمیع الحق نے کہا کہ میں نے طالبان سے بات چیت شروع کر دی تھی، تین جنوری کو طالبان نے کہا وہ مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

میں نے تین جنوری کی رات آٹھ بجے وزیراعظم کو فون کیا تاہم وزیراعظم نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، جس کے بعد میں نے پندرہ جنوری کو وزیراعظم نواز شریف کو خط بھی لکھا۔

مولانا سمیع الحق نے کہاکہ امریکا نہیں چاہتا کہ طالبان کے ساتھ حکومت کے مذاکرات ہوں، لگتا ہے کہ امریکا نے نواز شریف کو مذاکرات سے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ملا عمر کے قریبی رفقاء سے ملا اور کہا کہ ہم تمہاری جنگ لڑ رہے ہیں، افغانستان کے مسئلے کے حل کیلئے مل کر امن کا راستہ نکالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی فوجی آپریشن کی تائید نہیں کریں گے۔