طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ،امریکہ سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا کم کرنے کا نہیں ،پاکستان،طالبان کے مطالبے پر پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکی اتحاد چھوڑیگا یا نہیں ، قبل ازوقت بات ہے ، طالبان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکی اتحاد چھوڑنے کا ابھی تک مطالبہ نہیں کیا ،پاک ایرن گیس پائپ لائن منصوبہ ختم نہیں التواء کا شکار ہے،کنٹرول لائن پر بس سروس بحال ہوگئی ، ٹرک سروس کی بحالی کیلئے بھارت سے بات چیت جاری ہے، برطانیہ نے توہین رسالت میں سزا پانیوالے اپنے شہری کی واپسی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا،ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کی ہفتہ واربریفنگ

جمعرات 6 فروری 2014 20:17

طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ،امریکہ سے ڈرون حملے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) پاکستان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ،امریکہ ڈرون حملے مکمل طورپربندکرے، پاک ایران منصوبہ ختم نہیں التواء کا شکار ہے ،کنٹرول لائن کے آر پار بس سروس بحال ہو گئی ٹرک سروس بھی جلد بحال ہو جائیگی ، سعودی ولی عہد سلمان بن سلمان پاکستان کے دورے پر ہیں ۔جمعرات کو دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ اور صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ کہا کہ طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور طالبا ن کی طرف سے دہشت گردی کیخلاف امریکی اتحاد سے الگ ہونے کا تاحال کوئی مطالبہ نہیں ملا ، طالبان کے مطالبے پر پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکی اتحاد چھوڑے گا یا نہیں ، قبل ازوقت بات ہے ۔

(جاری ہے)

ڈرون حملوں میں کمی بارے امریکی حکام کے بیانات بارے سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف اور پاکستان کو ڈرون حملے قبول نہیں۔ پاکستان کے موقف کو دنیاکی حمایت حاصل ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کنٹرول لائن کے آر پار ٹرک سروس بحالی پر بات چیت جاری ہے ، بس سروس بحال ہو چکی ہے جلد بس سروس بھی بحال ہو جائیگی ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت ایل او سی پر ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اعتماد سازی معاہدوں کو زیر غور لانے کیلئے پاک بھار ت حکام کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس بلایا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ کراچی کی لانڈھی جیل میں وفات پانے والے بھارتی قیدی کشن بیمار تھا اور پاکستانی حکام اس کی میت بھارت بھجوانے کیلئے بھارتی ہائی کمیشن سے رابطے میں ہیں ۔

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ منصوبے کو ختم نہیں کیا گیا مگر فنڈز کی کمی کے باعث پائپ لائن کی تعمیر التواء کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران سے مزید بات چیت کی ضرورت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے توہین رسالت میں سزا پانے والے اپنے شہری کی واپسی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ترجما ن نے بتایا کہ سعودی ولی عہد سلمان بن سلمان آج دورے پر پاکستان پہنچیں ہیں اور وہ پاکستان قیادت سے ملاقاتیں کرینگے ۔