کراچی ،انسداد تجاوزات کے عملے نے چکرا گوٹھ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے مختص 10 ایکڑ اراضی کو قبضہ مافیا سے خالی کرالیا

بدھ 23 جولائی 2014 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسداد تجاوزات کے عملے نے ایک آپریشن کے ذریعہ کورنگی چکرا گوٹھ میں قائم ہونے والی شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے مختص 10 ایکڑ اراضی کو قبضہ مافیا سے خالی کرالیا جہاں یونیورسٹی کا کیمپس تعمیر کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی کی ہدایت پر انسداد تجاوزات کے عملے نے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان کی قیادت میں منگل کو کورنگی میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا جہاں قبضہ مافیا نے فلاحی مقاصد کے لئے مختص قطعہ اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زبیر احمد چنا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم الدین، اسسٹنٹ کمشنر امتیاز ابڑو، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈآصف جٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے عاطف نقوی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ناصر اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد راشد بھی موجود تھے، آپریشن کے نتیجے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے کورنگی نمبر 1 ناصر جمپ چکرا گوٹھ میں شدید مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے رفاعی پلاٹ کے لئے الاٹ کی گئی ساڑھے 10 ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرالی، کارروائی کے دوران انسداد تجاوزات کے عملے پر شدید پتھراؤ اور فائرنگ ہونے اور اینٹی انکروچمنٹ کے عملے اور پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے باوجود آپریشن جاری رکھا گیا اور قبضہ شدہ اراضی واگذارکرالی گئی، پتھراؤ کے نتیجے میں انسداد تجاوزات اسکواڈ کے تین ٹرک اور کئی گاڑیوں سمیت پولیس کی دوموبائل گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تاہم پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا اور لینڈ مافیا کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چکرا گوٹھ میں اس سے قبل بھی رفاعی پلاٹ پر قائم کی جانے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے تاہم قبضہ مافیا کے کارندوں نے یہاں تجاوزات ہٹائے جانے کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم کرلی تھیں جس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے چکرا گوٹھ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کے لئے الاٹ کئے گئے پلاٹ سے ہر قسم کی تجاوزات کو فوراً ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔