بلدیہ شرقی میں متوقع بارشوں کے سلسلے میں انتظامات کے حوالے سے ہنگامی اجلاس، متوقع بارشوں کے سلسلے میں ایمرجنسی نافذ

بدھ 23 جولائی 2014 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء)ایڈمنسٹریٹربلدیہ شرقی نادر علی وسان اور میونسپل کمشنر منظور عباسی کی زیر صدارت متوقع بارشوں کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے بلدیہ شرقی کے مرکزی دفتر میں اجلاس منعقد کیا گیا ۔اجلاس میں ایس ای فضل گل و دیگر افسران نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ شرقی میں بیشتر برساتی نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نکاسی آب کی تمام ضروری مشینری و اشیاء کو ریڈی رکھا جائے تاہم محکمہ سینیٹیشن کی نگرانی میں متوقع بارشوں کے حوالے سے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے پلان ترتیب دیا گیا ہے جس میں انسپکٹرز ، سب انسپکٹرز اور سینیٹری ورکر ز کا عملہ اپنی اضافی ڈیوٹی شام 4 تا رات 11 بجے تک سر انجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میونسپل کمشنر منظور عباسی نے بالخصوص نالوں کے اطراف سے ٹھیلے پتھارے اور تجاوزات کو ہٹانے کی ہدایات کیں اور نالوں میں کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کیں۔ اس کے علاوہ واٹر اینڈ سیوریج کے عملے کی زیر نگرانی مین ہولز پر ڈھکن لگانے ، صفائی اور لیکیجز کی درستگی کے کام انجام دینے پر مامور ہے۔مزید براں ایم سی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام برسات میں ناخوشگوار حادثات سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارش میں الیکٹر ک پولز ، سائن بورڈ ز اور بارش میں جمع شدہ پانی میں ہر گز نہ جائیں مزید براں بلدیہ شرقی کے مرکزِ شکایت میں عملہ چوبیس گھنٹے تعینات ہے۔

بلدیہ شرقی کے مرکز شکایت کے رابطہ نمبر 99230355-9 پرمحکمہ سالڈ ویسٹ، واٹر اینڈ سیوریج اور بی اینڈ آر کا عملہ چوبیس گھنٹے تعینات رہے گا تاکہ عوام کی شکایت کافوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔