ہفتہ کے روز سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی توقع

ہفتہ 27 جنوری 2024 12:45

ہفتہ کے روز سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی  توقع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2024ء) محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ کے روز سے ملک کے مختلف علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 27 تا 31 جنوری کے دوران مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے بیشتر بالائی علاقوں پر مغربی ہوائوں کےاثر انداز ہونے کی توقع ہے۔نتیجتاً زیادہ تر علاقوں کے لیے بنیادی طور پر سرد موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ملک کے بالائی اضلاع میں انتہائی سرد درجہ حرارت کا سامنا رہے گا۔ اس کے علاوہ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند برقرار رہنے کی توقع ہے۔ دن کے وقت مسلسل کم درجہ حرارت دھند سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی سرد موسم کا امکان ہے۔ پی ایم ڈی نے متعلقہ حکام کو الرٹ جاری کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ آئندہ چار دنوں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کے ممکنہ اثرات کے لیے تیار رہیں۔