ملک کے بالائی علاقوں میں تین روز سے جاری شدید بارشوں کے سلسلے کی شدت میں کمی

ہفتہ 6 ستمبر 2014 14:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 ستمبر۔2014ء) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ تین روز سے جاری شدید بارشوں کے سلسلے کی شدت میں کمی آئی ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ سلسلہ ختم ہوجائے گا۔موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف رہا تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویڑن میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود دیکھاگیا۔

(جاری ہے)

بارشوں کے حالیہ سلسلے میں اب تک سب سے زیادہ بارش لاہور میں چار سو اٹھانوے ملی میٹر ریکارڈ کی گئی گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش لاہور میں دو سو چوہتر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ میں دو سو آٹھ، گوجرانوالہ ایک سو اکاون،اوکاڑہ ایک سو پندرہ، کوٹلی میں ایک سو دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر، ہزارہ، راولپنڈی، لاہور، ڈی جی خان، ملتان، گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روزملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں بیالیس سینٹی گریڈ رہا۔