دینی مدارس اور علماء ملک و قوم کی تعمیر اور معاشرے کی اصلاح کیلئے عملی کر دار ادا کر رہے ہیں،مولانا عبدالغفار ، مفتی غلام الرحمن

بدھ 19 نومبر 2014 17:25

صوابی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) پاکستان کے نامور علماء کرام نے واضح کر دیا ہے کہ ملک میں دینی مدارس اور علماء ملک و قوم کی تعمیر اور معاشرے کی اصلاح کے لئے عملی کر دار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت فی الفور ملک بھر میں علماء کرام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے۔ ان خیالات کااظہار جامعہ سلمان فارسی ٹوپی ضلع صوابی میں وفاق المدارس العر بیہ ضلع صوابی کے زیر اہتمام سالانہ تر بیتی اجتماع سے جامعہ فرید یہ اسلام آباد کے نائب مہتمم مولانا عبدالغفار ، جامعہ عثمانیہ پشاور کے مہتمم مفتی غلام الرحمن ، جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مہتمم مولانا انور الحق وشیخ الحدیث مولانا عبدالحلیم دیر باباجی ،مولانا عطاء الحق درویش ضلعی امیر جے یو آئی ضلع صوابی ، ضلعی مسئول وفاق المدارس صوابی مفتی نصیر ، دارالعلوم مظہر العلوم ڈاگئی کے ناظم تعلیمات مولانا محمد ہارون حنفی ، مولانا اعزا الحق و دیگر علماء کرام اور مہتممین مدراس نے خطاب کر تے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں علماء کرام اور بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا سلسلہ بند کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک میں نوجوان نسل کو اپنے اکابر اور اسلامی تہذیب سے ہٹانے کی سازش ہو رہی ہے اس لئے ملک میں علماء کرام اور مدارس کے سر براہان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اسلامی تہذیب کے خاتمے کی اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کلیدی کر دار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دین اسلام کے مضبوط ترین قلعے ہیں مدارس کی حفاظت تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ ان مدارس میں بچوں کو قر آن و سنت اور اسلامی تعلیمات سے روشناس کرایا جاتا ہے اس لئے عالمی سطح پر ان کے خلاف مختلف اوقات میں سازشیں ہو تی رہی ہے۔