ریلوے ہیڈکوارٹر مالی سال 25-2024 میں مقررہ آمدنی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:56

ریلوے ہیڈکوارٹر مالی سال 25-2024 میں مقررہ آمدنی کا ہدف حاصل کرنے میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹر مالی سال 25-2024 کے اختتام پر اپنی متوقع آمدنی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ دستیاب مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق ریلوے کو 1 کھرب 10 ارب روپے کا آمدنی کا ہدف دیا گیا تھا تاہم ادارہ صرف 93 ارب 38 کروڑ روپے آمدنی ہی حاصل کر سکا، جو ہدف سے 16 ارب 61 کروڑ روپے کم ہے۔

ریلوے نے رواں مالی سال کے دوران کئی بار کرایوں میں اضافہ بھی کیا، تاہم اس کے باوجود آمدنی میں نمایاں بہتری نہ آ سکی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مسافروں کے ذریعے آمدنی کا ہدف 56 ارب 11 کروڑ روپے مقرر تھا، جبکہ حقیقت میں صرف 48 ارب 90 کروڑ روپے آمدنی حاصل ہو سکی۔اسی طرح گڈز سیکٹر کے لیے 35 ارب 25 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا مگر ریلوے صرف 31 ارب 72 کروڑ روپے ہی حاصل کر سکا۔

سنڈری سیکٹرز میں بھی آمدنی کی صورتحال مایوس کن رہی۔ریلوے ذرائع کے مطابق آمدنی میں کمی کی بڑی وجوہات میں انفراسٹرکچر کی کمزوری، سروسز میں غیر یقینی صورتحال، اور جدید نظام کی عدم دستیابی شامل ہیں۔ محکمہ ریلوے کے اعلیٰ حکام آئندہ مالی سال کے لیے مؤثر اصلاحاتی اقدامات اور نجی شعبے سے شراکت داری کے نئے منصوبوں پر غور کر رہے ہیں۔