نئی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر چالان کاٹنا بھی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:59

نئی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر چالان کاٹنا بھی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء)موٹرسائیکل کی نئی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر پولیس کی جانب سے چالان کاٹنا بھی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔عدالت عالیہ میں درخواست سماجی کارکن فیضان حسین نے دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک نے پولیس کو نئی نمبر پلیٹس لگانے کے حوالے سے سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے مطابق ٹریفک پولیس نے نئی نمبر پلیٹس لگانے کے لیے آگاہی مہم اور سختی سے عملدرآمد کرانے کے بجائے بھاری چالان کاٹنا شروع کردیے ہیں جب کہ مہنگائی کے اس دور میں بھاری چالان ادا کرنا شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ لہٰذا پولیس کو موٹرسائیکلوں کے چالان کاٹنے سے روکا جائے۔واضح رہے کہ درخواست گزار نے موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹس تبدیلی کو بھی عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔