ماحولیاتی آفات کو انسانی صحت، معیشت اور ماحول کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے ، سید مراد علی شاہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:43

ماحولیاتی آفات کو انسانی صحت، معیشت اور ماحول کے لیے ایک سنگین خطرہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماحولیاتی آفات کو انسانی صحت، معیشت اور ماحول کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔ ریت اور گرد کے طوفانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ غیر پائیدار زمین و پانی کے استعمال نے ریت اور گرد کے طوفانوں میں اضافہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں خوراک، پانی، صحت اور روزگار جیسے بنیادی شعبے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان طوفانوں کی شدت میں انسانی سرگرمیوں کا براہ راست دخل ہے، اور یہ وقت ہے کہ ہم قدرتی وسائل کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مؤثر اقدامات کر رہی ہے، اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ماحولیاتی نظام کی بحالی کو قومی ایمرجنسی سمجھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ماحولیاتی مسائل کا دیرپا حل عوام میں شعور بیدار کرنے سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے بقول، عوامی شراکت، ماحولیاتی تعلیم اور عالمی تعاون ہی وہ بنیادیں ہیں جن کے ذریعے ہم گرد و غبار کے طوفانوں جیسے تباہ کن مظاہر پر قابو پا سکتے ہیں۔