فیصل آباد میں گلو بٹوں نے ہمارے نہتے کارکنوں پر فائرنگ کی‘ خود پولیس سٹیشن جاکر گلو بٹوں کیخلاف ایف آئی آر کٹواؤں گا‘عمران خان

پیر 8 دسمبر 2014 16:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں گلو بٹوں نے ہمارے نہتے کارکنوں پر فائرنگ کی‘ خود پولیس سٹیشن جاکر گلو بٹوں کیخلاف ایف آئی آر کٹواؤں گا‘ دکانیں بند کرنے کا نہیں کہا تھا سڑکیں بند کرنے کا کہا تھا‘ این اے 122 میں دوبارہ گنتی خوش آئند ہے۔ پیر کو فیصل آباد روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کوشک نہیں ہونا چاہئے کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔

احتجاج کو تحفظ دینا حکومت کا کام ہے۔ فیصل آباد میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہمارے کارکنوں پر فائرنگ کی گئی۔ رانا ثناء اللہ نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ فیصل آباد میں جلسہ ہوا تو دیکھ لیں گے۔

(جاری ہے)

ہمارے ورکروں کو گوجرانوالہ میں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ لوگوں کو قتل کرنا شریف برادران کی پرانی عادت ہے۔ (ن) لیگ کے گلو بٹو کو یہ حق حاصل نہیں تھا کہ وہ ہمارے کارکنوں کو ماریں۔

مشرف دور میں (ن) لیگ کے گلو بٹ کہاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ جن گلو بٹوں نے ہمارے کارکنوں پر فائرنگ کی ہے میں خود جاکر ان کیخلاف ایف آئی آر کٹواؤں گا۔ ہمارے کارکنوں کو گولیاں لگتی رہیں اور پولیس وہاں پر کھڑی تماشا دیکھتی رہی۔ (ن) لیگ پنجاب نے پولیس میں سارے گلو بٹ بھرتی کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کہنے پر مولانا فضل الرحمن نے خیبر پختونخواہ میں راستے بند کئے لیکن خیبر پختونخواہ پولیس نے کسی پر تشدد نہیں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے دکانیں بند کرنے کا نہیں سڑکیں بند کرنے کا کہا تھا۔ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثبوت تھیلوں میں ہیں سچ سامنے آجائے گا۔ این اے 122 پر پہلے ہفتے میں ہی گنتی ہوجانی چاہئے تھی۔

متعلقہ عنوان :