Live Updates

ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالانکہ ان کے ملک کو تباہ کردیا گیا

میں جانتا تھا کہ خامنہ ای کہاں چھپے ہیں، میں نے ان کی جان بچائی، میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا، ایران اگر عالمی نظام کا حصہ نہ بنا تو اس کی حالت مزید خراب ہوگی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 27 جون 2025 23:46

ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالانکہ ان کے ملک ..
واشنگٹن ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 27 جون 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالانکہ ان کے ملک کو تباہ کردیا گیا، میں جانتا تھا کہ خامنہ ای کہاں چھپے ہیں، میں نے ان کی جان بچائی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا، حالانکہ ان کے ملک کو تباہ کردیا گیا، ایران کی تین جوہری تنصیبات کو مکمل تباہ کردیا گیا، میں جانتا تھا کہ خامنہ ای کہاں چھپے ہیں، میں نے ان کی جان بچائی۔

میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا، میں نے حکم دیا کہ اسرائیلی طیارے تہران پر بڑے حملے سے پیچھے ہٹ جائیں، میں نے اسرائیل کو تہران پر سب سے بڑے حملے سے روک دیا تھا، یہ حملہ جنگ کا سب سے بڑا حملہ ہوتا بڑی تباہی ہوتی ہزاروں ایرانی لوگ مارے جاتے۔

(جاری ہے)

خاموشی اور شکر گزاری کی بجائے ایرانی قیادت نے نفرت اور غصے کا اظہار کیا۔

ایران اگر عالمی نظام کا حصہ نہ بنا تو اس کی حالت مزید خراب ہوگی۔ مزید برآں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں، ہوسکتا ہے ہم کوئی معاہدہ بھی کرلیں، کچھ پتہ نہیں اگر کوئی دستاویز مل جائے تو برا نہیں ہوگا،وائٹ ہاؤس نے اگرچہ ملاقات کی جگہ یا شرکاء کی تفصیلات جاری نہیں کیں لیکن سینئر امریکی اہلکار لیویٹ نے وضاحت کی کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد ایران کو ایک غیر افزودہ سول نیوکلیئر پروگرام کی طرف لانا ہے۔

امریکی ٹی وی کے مطابق ایران امریکہ مذاکرات میں واشنگٹن کی جانب سے ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیش کش کرسکتاہے،امریکی مشرق وسطیٰ ایلچی، اسٹیو وٹکاف کابھی کہنا ہے کہ اس ہفتے کہا کہ ایران کے ساتھ ان کے ابتدائی روابط حوصلہ افزا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ ایک طویل مدتی امن معاہدہ ہو سکتا ہے جو ایران کو دوبارہ عالمی برادری میں جگہ دے۔

یہ بھی بتایاگیا ہے امریکہ کی جانب سے ایران کو بیرونی بینکوں میں اس کے 6 ارب ڈالر استعمال کی اجازت دی جا سکتی ہے تاہم مذاکرات میں اہم ترین شرط ایران کو یورینیم افزودگی کی اجازت نہ دینا ہے۔امریکی میڈیا نے ایک باخبر ذرائع سے خبر دی ہے کہ ممکنہ معاہدے میں ایران کو 20 سے 30 ارب ڈالر کی مالی مدد فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاکہ وہ ایک پرامن، بجلی پیدا کرنے والا نیوکلیئر پروگرام شروع کر سکے۔

یہ رقم براہ راست امریکہ سے نہیں بلکہ مشرق وسطیٰ کے امریکی اتحادیوں کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔امریکی حکام یہاں تک سوچ رہے ہیں کہ ایران کے فردو نیوکلیئر پلانٹ کو سول استعمال کیلئے دوبارہ تعمیر کرنے کے اخراجات بھی شراکت دار ممالک برداشت کریں۔یاد رہے کہ دو وز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاتھا کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی ہے، ایران اور اسرائیل کے درمیان دوبارہ جنگ کا امکان نہیں تھا۔

نیٹو سمٹ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھاکہ ایران اسرائیل تنازع اب ختم ہوچکا تھا۔ اب دونوں تھک چکے ہیں، دونوں جنگ کے خاتمے سے بہت مطمئن ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھاکہ ایرانی جوہری تنصیبات کی تباہی کیجائزے میں صرف اسرائیلی انٹیلی جنس پر انحصار نہیں کر رہے تھے۔ ایران کے خلاف دباؤ کی پالیسی جاری رکھیں گے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نیایران پر بہت تیزی سیحملہ کیاتھا، جوہری مواد منتقل کرنیکا وقت نہیں ملا تھا۔

امریکی صدر نے کہا تھاکہ جیسے ہیروشیما اور ناگا ساکی پر حملے سے جنگ رکی ایسا ہی ایران پر حملے سے ہوا۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میرے لئے معاہدہ ضروری نہیں، انہوں نے جنگ لڑ لی، اب واپس اپنی دنیا میں جا رہے ہیں، مجھے فرق نہیں پڑتا کہ معاہدہ ہو یا نہ ہو۔انہوں نے کہا تھاکہ امریکہ نے ایران کو  جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا تھادوبارہ دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ امریکا اپنے دشمنوں کو روکنے کی طاقت رکھتا تھا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات