پولیو سے بچاؤ کیلئے ہم سب کو ایک ٹیم بن کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر حافظ آباد

جمعرات 8 جنوری 2015 20:20

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 جنوری۔2015ء ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر حافظ آباد نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے دو چار کر دینے والے موذی مرض پولیو سے بچاؤ کے لیے ہم سب کو ایک ٹیم بنکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگااور بالخصوص والدین اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کے لیے انہیں پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔

انہوں نے یہ بات ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم شاہین نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو کی قومی مہم 12تا 14جنوری کے دوران ضلع بھر کے قریباََ 2لاکھ کم سن بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسئن پلانے کے لیے 400سے زائد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ مہم کے آغاز سے قبل ہی گزشتہ مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو ترغیب دی جائیگی کہ وہ بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں بصورت دیگر انکے خلاف مناسب کاروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایات کے پیش نظر 5سال تک کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا لازم ہے اور اس سلسلہ میں عدم تعاون برداشت نہیں کیا جا ئیگا۔اجلاس میں محکمہ صحت کی ٹیموں کو خصوصی سیکورٹی کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں ڈی ایس پی صدر اور سیکورٹی انچارج کو ہدایت کی گئی کہ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :