ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ‘ راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے

جمعرات 19 فروری 2015 16:41

اسلام آباد /راولپنڈی /لاہور /کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ‘ خراب موسم اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد سے اندرون و بیرون ملک جانیوالی پندرہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں ‘محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے ‘ بلوچستان میں رواں ہفتے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ‘ ٹھنڈی ہوا نے دلفریب موسم کا لطف دوبالا کر دیا نجی ٹی وی کے مطابق فلائٹ انکوائری کے مطابق راولپنڈی ، اسلام آباد اور مضافات میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے جاری بارش اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک جانیوالی 15 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جن میں اسلام آباد سے گلگت جانیوالی 607، سکردو جانیوالی 453، کراچی جانیوالی 102، لاہور کیلئے 653 اور کوئٹہ جانیوالی پرواز 402 منسوخ کر دی گئی اس کے ساتھ اسلام آباد سے چین کے شہر ارومچی جانیوالی پروازیں 1888 اور 6008 بھی منسوخ کر دی گئی ادھر لاہور میں رات گئے بوندا بوندا سے خنکی بڑھ گئی ‘ آسمان کو بادلوں نے گھیرے میں لے رکھا دن کے اوقات میں سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ، کہیں کہیں ہلکی بارش بھی ہوتی رہی پشاور میں بھی گزشتہ شب ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔

(جاری ہے)

شہر کی فضاوٴں پر بادلوں کا راج رہا محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی اور بیشتر جنوبی علاقوں میں موسم صاف اور معتدل رہا ‘ بارش برسانے والی مغربی ہوائیں صوبے کے شمالی علاقوں میں موجود ہیں جس کے باعث چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتا ہے تاہم رواں ہفتے کے آخر تک نسبتاً زیادہ بارش برسانے والا مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ صوبے میں داخل ہوگا جس کے بعد اتوار سے منگل کے دوران کوئٹہ،ژوب اور قلات ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :