پنڈتوں کیلئے علیحدہ بستیاں بسا کر مقبوضہ کشمیر کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، شبیر شاہ

بھارت کو مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کیساتھ کھلواڑ کی اجازت دی جائیگی، اجلاس سے خطاب

پیر 20 اپریل 2015 20:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کہاہے کہ کشمیری پنڈتوں کو مقبوضہ علاقے میں علیحدہ بستیوں میں بسا کر خطرناک منصوبے پر عملدرآمد کرنے ،جموں وکشمیر کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ہم پنڈت برادری کے وادی آمد کیلئے چشم براہ ہیں لیکن ان کی بحالی اور باز آباد کاری کے سلسلے جموں و کشمیر کی روایتی رواداری اور برادری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت دی جائیگی۔

انھوں نے کہاکہ پنڈتوں کی آبادکاری کے سلسلے علیحدہ ٹاون شپ یا خصوصی بستیوں کے قیام کے منصوبے کا ڈٹ کا مقابلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنڈت کشمیر کے پشتنی باشندے ہیں اور ہمارے بھائی ہیں،وہ جب چاہیں واپس آسکتے ہیں جس کیلئے انہیں کسی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ شبیر احمد شاہ 25اپریل سے جموں کا تین روزہ دورہ کریں گے اور وہ پنڈتوں سے ملنے اور انہیں وادی واپس آنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی پیشکش کریں گے۔ا جلاس میں 24اپریل کو پلوامہ میں ایک عوامی جلسے سے متعلق پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں مولانا عبدالقیوم کو پارٹی کاصوبائی صدر برائے جمو ں اور شمیم احمدٹاک کو زونل پریذیڈنٹ برائے خطہ پنجاب مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :