کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، رانا تنویر حسین

پیر 5 اگست 2024 11:24

کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو خراج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2024ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 ء کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے 5 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

پیر کو وزارت کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں جن میں یہ کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق آزاد ، غیر جانبدارانہ اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں،بھارت غیر قانونی طور پرتسلط جموں و کشمیر میں سفاکانہ کارروائیوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس سے جنوبی ایشیا اور خطے کے لیے سنگین مضمرات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازع کا حل خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے تمام شہدا ء کو ان کی لازوال قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کو ان کے عزم و حوصلے کے لیے بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان اپنے بھائیوں ، بہنوں کی آواز بنتا رہے گا اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔