تنازع جموں و کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں،سردار ایازصادق

جمعرات 1 اگست 2024 22:47

تنازع جموں و کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں،سردار ایازصادق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی ۔ملاقات میں 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر نے اسپیکر کو 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک یکجہتی واک اور دیگر اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایوان میں قرارداد لانے پر بھی بات چیت کی گئی ۔ سپیکر نے کہا کہ 5 اگست 2020 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی گھناؤنی سازش کی گئی، اپاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ ہر علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے،تنازع جموں و کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ تنازع جموں و کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں اور یو این کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے،پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے انکی پارلیمانی، سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔