محکمہ موسمیات کی آئندہ دو روز کے دوران موسم کی صورتحال غیریقینی رہنے کی پیشگوئی

منگل 12 مئی 2015 11:29

اسلام آباد /لیہ /لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء ) محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران موسم کی صورتحال غیریقینی رہنے کی پیشگوئی کی ،ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کاسانس لیا ،خیبرپختونخوا، فاٹا،اسلام آباد، پنجاب اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ شمال مشرقی بلوچستان، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقا مات پر تیز/گرد آلود ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 56،کالام36 ملی میٹر ریکارڈ گئی ۔ موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر بالائی/وسطی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہاتاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان،کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن اور گرد ونواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

(جاری ہے)

گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا( مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،مردان، کوہاٹ، بنوں ڈویژن)، فاٹا،اسلام آباد، بالائی پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور،سرگودھا، فیصل آبادڈویژن)،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان، بہاولپور، کوئٹہ، ڑوب قلات، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پرتیز ہواوٴں اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ دو روز کے دوران موسم کی صورتحال غیریقینی رہیگی۔اس دوران پنجاب،خیبر پختونخواہ اور فاٹا کے کاشتکار گندم کی کٹائی/گہائی کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہے۔سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ تربت43، شہید بینظیرآباد، جیکب آباد، سبی، میرپور خاص، لاڑکانہ، لسبیلا، موہنجوداڑو اور رحیم یار خان میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :