الیکشن 2013ء میں دھاندلی ایک حقیقت ہے جس کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے‘ حکمرانوں کو انڈرپاسز اور جنگلہ بس کے علاوہ کوئی مسئلہ نظر نہیں آ رہا‘آج عوام مہنگائی سے تنگ ہیں‘ غریب خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں‘ مسلم لیگ زندہ ہے اسے مردہ کہنے والے خواب غفلت سے جاگ جائیں‘کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کا منڈی بہاؤالدین کے نمائندہ اجلاس سے خطاب

اتوار 17 مئی 2015 16:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 مئی۔2015ء) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن 2013ء میں دھاندلی ایک حقیقت ہے جس کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے‘ حکمرانوں کو انڈرپاسز اور جنگلہ بس کے علاوہ کوئی مسئلہ نظر نہیں آ رہا، مسلم لیگ زندہ ہے اسے مردہ کہنے والے خواب غفلت سے جاگ جائیں۔ وہ گزشتہ روز یہاں حلقہ این اے 108 منڈی بہاؤالدین کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس سے قبل مرحوم چودھری سلطان محمود کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ کے امیدوار حمزہ ناصر اقبال، ایم این اے طارق بشیر چیمہ، ریاض اصغر چودھری، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، امتیاز رانجھا، ساجد خان بھٹی، عارف گوندل، ذوالقرنین ساہی، رمیز حسن خواجہ، خالد پرویز سندھو، فہمیدہ صاحبہ، افضال تارڑ سمیت دیگر ارکان نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ زندہ ہے اسے مردہ کہنے والے خواب غفلت سے جاگ جائیں، دیگر سیاسی جماعتوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو الیکشن کی تیاریوں کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن 2013ء میں دھاندلی ایک تلخ حقیقت ہے اور یہ جلد پوری طرح سامنے آ جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے خاندان کے ساتھ حمزہ ناصر اقبال کے خاندان کا گہرا تعلق ہے، اسے مزید آگے بڑھائیں گے، الیکشن 2013ء میں غلط فیصلے ہوئے جس سے پورا ملک اندھروں میں ڈوب گیا، اس ا لیکشن کا خمیازہ پورا ملک آج تک بھگت رہا ہے، ن لیگ 20سال سے اقتدار پر قابض ہے اسے انڈرپاسز اور جنگلہ بس بنانے کا علاوہ غریب عوام کا کوئی مسئلہ نظر نہیں آ رہا، ملک دہشت گردی کا شکار ہے اور حکمرانوں کو بیرونی ممالک کے دوروں کا شوق چڑھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بجلی، گیس کا کوئی بحران نہیں تھا، آج کل عوام مہنگائی سے تنگ ہیں، غریب خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ حمزہ ناصر اقبال نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا اپنے اوپر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مسلم لیگ سب سے الگ جماعت ہے جو عوام کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتی ہے، چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب کی جو خدمت کی ہے وہ کسی اور نے نہیں کی، بطور وزیراعلیٰ منڈی بہاؤالدین سمیت پورے پنجاب میں ترقیاتی کام کروائے، سڑکوں کا جال بچھایا، سوئی گیس فراہم کی۔ ان کی سیاسی بصیرت سے متاثر ہو کر میں نے مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا، دراصل ن لیگ کی وجہ سے ملک اندھروں کا شکار ہے۔