حالیہ طوفانی بارشوں سے پنڈی گھیب شہر اور نواحی علاقوں میں سینکڑوں مکانات تباہ

جمعرات 6 اگست 2015 16:24

پنڈی گھیب ۔ 06 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) حالیہ طوفانی بارشوں سے پنڈی گھیب شہر اور نواحی علاقوں میں سینکڑوں مکانات تباہ، سڑکیں کھنڈرات جبکہ موضع چکی کے نشیبی علاقوں میں بارشی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے ہونی والی لگاتار موسلا دھار بارشوں سے پنڈ ی گھیب شہر کے بنہوڑہ چوک ، محلہ ہری والا کی مسجد داریوالی تا چونگی نوشہرہ روڈ، حیدر ٹاو‘ن ، ڈھوک مرانگڑہ کی پلی ، نواحی علاقوں چکی، جانگلہ، دندی شہباز پور، اخلاص تھٹی کلرہ، تھٹی نور احمد شاہ ، ملہووالی اور مکیال کی سڑکیں بارشی پانی کے تیز بہاو‘ کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں اور ان میں بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متا‘ثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یونین کونسل ملہووالی اور چکی کے شمالی علاقہ میں بند ٹوٹنے سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آجانے سے بارشوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس سے سینکڑوں کچے مکانات اور چار دیواریاں گر گئیں جبکہ کسانوں کی مونگ پھلی سمیت دیگر کھڑی فصلیں تباہ ہو کر رہ گئیں اور مال مویشی بھی ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔پنڈی گھیب شہر کے متاثرہ علاقوں کے عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان اور ڈی سی او اٹک سے سڑکوں کی تعمیر اور بارشوں سے ہونے والے نقصان کے فوری ازالہ کی اپیل کی ہے ۔