آئندہ 2یوم کے دوران لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان

پیر 21 ستمبر 2015 13:06

لاہور ۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 ستمبر۔2015ء)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2یوم کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ سوموار اور منگل کے روز لاہور سمیت گوجرانوالہ‘ راولپنڈی ‘بہاولپور‘ساہیوال ‘ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ سرگودھا ‘فیصل آباد ‘ڈی جی خان ‘ملتان‘مالا کنڈ ‘پشاور ‘کوہاٹ ‘مردان ڈویژن‘فاٹا اور گلگت بلستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج منگل کے روز لاہور ‘گوجرانوالہ‘ساہیوال‘بہاولپور‘ہزارہ ڈویژن اور کشمیر کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے جس سے دریائے ستلج ‘چناب ‘راوی اور دریائے جہلم سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری گرمی کی لہر میں پیر کے روز سے کمی کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ بارش چھاچھرو میں 107ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈھائی 80 چھور 76اسلام کوٹ 49پاراچنار 34مٹھی 33بہاولنگر 32لاہور 27قصور 15میر پور خاص 11سیالکوٹ 09ملی میٹر بارش ہوئی۔گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ گرمی لسبیلا میں پڑی جہاں پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔