غذر ، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری،سردی کی شدت میں مزید اضافہ

بدھ 23 دسمبر 2015 22:11

غذر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 دسمبر۔2015ء )دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری علاقے میں خون جمانے والی سردی نے عوام خصوصا زلزلہ متاثرین کو سخت پریشان کرکے رکھ دیا ہے غذر کی بالائی تحصیل پھنڈر اور بارسٹ اور دیگر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے سے زلزلہ متاثرین سخت مشکلات کا شکار ہیں اور تاحال زلزلہ سے منہدم ہونے والے متاثرین نے اپنے مکانات دوبارہ تعمیر نہ کرسکے ہیں اور حکومت کی طرف سے بھی مکانات منہدم ہونے والے متاثرین کو امدادی رقم کے چیک جاری نہ کرنے سے متاثرین سخت مشکلات سے دوچار ہیں دوسری طرف بالائی علاقوں میں ندی نالوں اور پانی کی پائپ لائنوں میں برف جم جا نے سے لوگوں کو پینے کا پانی کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے اور لوگ برف پیگھلاکر پانی پینے پر مجبور ہیں جبکہ منفی 15تک درجہ حرارت گرنے کی وجہ سے لوگ گھروں تک محدور ہوکر رہ گئے ہیں جہاں ان لوگوں کو پانی کے ساتھ ساتھ ایندھن کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے ۔