پٹھانکوٹ واقعہ کی ایف آئی آر درج ہونے سے پہلے تفتیش نہیں ہو سکتی ، بھارت نے پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کاالزام پاکستان پر عاید کیاہے ، عبدالقادر بلوچ

پٹھانکوٹ واقعہ کی ایف آئی آر کے اندراج کا مطلب تفتیش کا آغاز ہے ،امید ہے بھارت پٹھانکوٹ جانے والی پاکستان ٹیم کی معاونت کرے گا، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 20 فروری 2016 22:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 فروری۔2016ء) سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ پٹھانکوٹ واقعہ کی ایف آئی آر درج ہو گئی ہے اس کا مطلب ہے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، امید ہے بھارت پٹھانکوٹ جانے والی پاکستان ٹیم کی معاونت کرے گا ۔ وفاقی وزیر سیفران و سرحدی امور عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پٹھانکوٹ واقعہ کی ایف آئی آر درج ہونے سے پہلے تفتیش نہیں ہو سکتی ، بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں کی گئی ۔

وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید محمود قصوری نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کا پٹھانکوٹ معاملے پر رد عمل تسلی بخش ہے ، پٹھانکوٹ واقع کی ایف آئی آر درج کرنے کا مطلب تفتیش شروع ہو گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پٹھانکوٹ جانے والی پاکستان ٹیم کی بھارت معاونت کرے گا ۔ پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات پاکستان میں کرنا ہمارے اپنے بھی مفاد میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اب دہشتگردوں کے صفائے کا فیصلہ کر چکی ہے اور ضرب عضب تمام دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا ۔ یہ وہی دہشتگرد ہیں جو انڈیا میں بھی حملے کرتے ہیں اور پاکستان میں بھی جی ایچ کیو پر انہوں نے حملہ کیا ۔ پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں کی گئی اور پٹھانکوٹ واقع کی ایف آئی آر درج ہونے سے پہلے تفتیش نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ طے کر رکھا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے ۔ چاہے ایران ہو ، افغانستان ہو یا انڈیا ہم کسی ملک کے خلاف بھی اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دینگے ۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پٹھانکوٹ واقع کی تحقیقات ہم خلوص نیت کے ساتھ کرینگے اور بھارت کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کے غیر ریاستی عناصر کسی بھی اور ملک میں کاروائی کریں ۔