آئندہ 24گھنٹے کے ووران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کاامکان

منگل 26 اپریل 2016 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء)محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ 24گھنٹے کے ووران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے ‘ گلگت ، مالاکنڈ،ہزارہ ،بالائی فاٹا میں گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے ۔اپنے بیان میں فورکاسٹنگ آفیسر محمد فاروق نے کہاکہ رواں ہفتے گندم کی کٹائی کے میدانی علاقوں خصوصاً پنجاب میں موسم گرم، خشک رہے گا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم کی کٹائی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صبح دس بجے ملک کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت کے مطابق لاہور،فیصل آباد،سیالکوٹ میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ، حیدرآباد 33اورکراچی میں درجہ حرارت 32،لاڑکانہ اورسکھرمیں بھی درجہ حرارت 34جبکہ چھور32اور ملتان میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈوژن کے ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد38ہزار900کیوسک رکارڈ کی گئی ‘ تربیلا ڈیم میں پانی کااخراج 70ہزارکیوسک اور سطح 1480.45فٹ رکارڈ کی گئی۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1152.95 فٹ ، آمد 43ہزار23کیوسک اور پانی کااخراج 40ہزار کیوسک رکارڈ کیا گیاجبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاو 33 ہزار 100 کیوسک رکارڈ کیا گیا۔