اپوزیشن حکومت سے مک مکا کر کے ایوان میں خاموش بیٹھی رہی ، پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کروں گا، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں کرپٹ مافیا بیٹھا ہے ، یہ اپنے احتساب کے ڈر سے پانامہ لیکس کے معاملے پر پیچھے ہٹ رہا ہے

آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 مئی 2016 22:31

اپوزیشن حکومت سے مک مکا کر کے ایوان میں خاموش بیٹھی رہی ، پانامہ لیکس ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مئی۔2016ء) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے الزام عائد کیا ہے کہ اپوزیشن حکومت سے مک مکا کر کے ایوان میں خاموش بیٹھی رہی اور واک آؤٹ کیا، پانامہ لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کروں گا، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں کرپٹ مافیا بیٹھا ہے جو اپنے احتساب کے ڈر سے پانامہ لیکس کے معاملے پر پیچھے ہٹ رہا ہے۔

وہ پیر کو قومی اسمبلی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آج صدی کے سب سے بڑے جھوٹ پر مبنی خطاب کیا، اپوزیشن اور حکومت میں اندر ہی اندر مک مکا ہو چکا ہے، اپوزیشن ایوان میں خاموش بیٹھی رہی ہم نے عوامی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چھانگا مانگا کی سیاست کر رہے ہیں انہیں آج پانامہ لیکس پر کمیٹی کا اعلان کرنا چاہیے تھا، وزیراعظم نے اجلاس سے پہلے اپوزیشن کو دھمکی دی کہ میں چھوٹا چور ہوں اور تم بڑے چور ہو جس پر سب چپ بیٹھے رہے،تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں کرپٹ مافیا بیٹھا ہوا ہے، جو نہیں چاہتا کہ ان کا احتساب ہو، پانامہ لیکس میں جن جن کے نام آئے ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیے، معاملے پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کروں گا۔