پاناما لیکس پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے،مولا بخش چانڈیو

وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے،سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے خواجہ اظہار الحسن میرے دوست اور بھائی ہیں ،ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتا ہوں،مشیر اطلاعاعت سندھ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 مئی 2016 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے۔وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے ۔خواجہ اظہار الحسن میرے دوست اور بھائی ہیں ،ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایکسپوسینٹر میں منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کی صورت حال بہتر ہے ۔حکومت سندھ آئندہ بھی تعلیم کی بہتری کے لیے کام کرتی رہے گی ،تعلیم کے بغیر ترقی کا حصول ناممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے ۔

بجلی کا وفاقی وزیر تعصب کی بات کرتا ہے ۔مینار پاکستان پر بیٹ کر پنکھا جھلنے والے اور ریلیاں نکالنے والے آج خاموش کیوں بیٹھے ہیں ۔ہمارا وزیراعلیٰ شہباز شریف کی طرح مزار پر بیٹھ کر احتجاج نہیں کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے۔عملاً بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے چیئرمین ہیں۔استعفیٰ کا راستہ خود وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے۔وزیراعظم کے استعفیٰ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں پیپلزپارٹی کا اہم کردار ہے ۔کراچی کے اوور ہیڈ برجز پیپلزپارٹی کے دورمیں بنے ہیں ۔خواجہ اظہار الحسن میرے دوست اور بھائی ہیں ،ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتا ہوں ۔