آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا ‘ محکمہ موسمیات

منگل 31 مئی 2016 15:12

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا ‘بالائی فاٹا میں ایک دو مقامات پر تیز ہواوٰں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔ فورکاسٹنگ آفیسر محمد فاروق نے بتایاکہ ملتان، بہاولپور، کوئٹہ، میرپور خاص اور حیدر آباد ڈویڑن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے تاہم جمعرات اور جمعہ کے روز مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ژوب ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم ہزارہ، ڈی آئی خان، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقوں بالاکوٹ07 ‘ڈی آئی خان04، کشمیر کے علاقے مظفرآباد06، گڑھی دوپٹہ01، پنجاب کے علاقے میانوالی 02، فیصل آباد، سرگودھا 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق دادو،لاڑکانہ 49، سبی، موہنجوداڑو 48، پڈعیدن، شہید بینظیر آباد47، جیکب آباد 46 جبکہ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 22، اسلام آباد 20، کراچی 28، پشاور 24، کوئٹہ 15، گلگت11، چترال 16اور ہنزہ میں 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :