محکمہ موسمیات نے 7 سے 9 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی

ہفتہ 6 اگست 2016 14:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اگست ۔2016ء) محکمہ موسمیات نے 7 سے 9 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا کہ 7 سے 9 اگست تک دریائے ستلج ، راوی، چناب اور جہلم کے بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے ‘ پنجاب کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ‘ خیبر پختونخوا میں بھی 7 سے 9 اگست تک موسلا دھار بارش ہوگی۔دوسری طرف فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے کہا کہ دریائے جہلم میں منگلا پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے ‘ حالیہ طوفانی بارشوں سے دریائے راوی اور چناب کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں 6 سے 10 اگست تک اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے ‘ دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آئیگا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان اور کوہاٹ ڈویڑن کے ندی نالوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔