انتہاء پسندی، دہشت گردی اور داعش جیسے فتنوں کے خاتمے اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ جدوجہد کو مزید موٴثر بنانے کا عزم عالم اسلام کی آواز ہے،حافظ طاہر اشرفی

پیر 29 اگست 2016 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 اگست ۔2016ء) انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور داعش جیسے فتنوں کے خاتمے اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ جدوجہد کو مزید موٴثر بنانے کا عزم عالم اسلام کی آواز ہے ۔ داعش جیسے گروہوں کی وجہ سے آج اسلام اور مسلمان نشانہ بن رہے ہیں۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کے وزیر ددفاع اور نائب ولی عہدد امیر محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے بعد اپنے ایک بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ عرب ممالک میں ہونے والی بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے پوری دنیا میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ عالمی دنیا نے مسلم دنیا کے مسائل کے حل کے سلسلے میں غیر سنجیدہ رویہ اپنا رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

ان حالات میں مسلم امة کے اتحاد اور وحدت کی ضرورت ہے اور پاکستان سعودی عرب کی قیادت کو باہمی اتحاد سے مسلم امةکے مسائل کو حل کی طرف لے جانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین سے کشمیر اور شام سے یمن تک مسلم امة کا خون بہہ رہا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سعودی عرب ، پاکستان ، قطر اور دیگر اسلامی ممالک عسکری اتحاد کے ساتھ ساتھ نظریاتی اور فکری اتحاد کی طرف توجہ دیں اور مسلم نوجوانوں کو گمراہ کرنے والی قوتوں اور گروہوں کا فکری اور نظریاتی طور پر بھی خاتمہ کریں