کشمیرتھیم سونگ کی تیاری جاری ٬ علی عظمت اور علیسیا ڈائس نے ریکارڈنگ کرائی

کشمیر میں انسانیت پامال ہورہی ہے٬ بھارت خود کو ٹوٹنے سے بچائے٬ کشمیر میں مظالم بند کرے٬ علی عظمت گانا کی تیاری بھرپور طریقے سے جاری ہے٬ نومبر میں ریلیز کر دیا جائے گا٬ پروجیکٹ ڈائریکٹر عمر احسن

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آئی کیو جینئس میڈیا پروڈکشن کے تحت کشمیر تھیم سونگ کی تیاری جاری ہے۔ معروف گلوکار علی عظمت اور علیسیا ڈائس نے کراچی کے ایک اسٹوڈیومیں اس گانے کے بول ریکارڈ کرائے۔ کشمیر تھیم سونگ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عمر احسن نے بتایا کہ گانے میںمعروف گلوکار عمیر جسوال بھی پرفارم کر رہے ہیں۔

ریکارڈنگ کے موقع پر صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے علی عظمت نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی کشمیر میں عرصہ دراز سے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیے ہوئے ہیں۔اس نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے جس طرح فلسطین بھی انسانوں کی جیل بن گیا ہے۔ علی عظمت نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تیار ہونے والے گانے میں بھارت کو بھی پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اس طرح کے مظالم سے باز آجائے۔

(جاری ہے)

خود کو بھی ٹوٹنے سے بچائے اورہمیں بھی پریشانی میں نہ ڈالے۔ پالیسیوں پر دوبارہ غور کریں۔ کشمیر میں انسانیت پامال ہورہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ پاکستانیوں کے لیے کام کریں۔ کشمیریوں بھائیوں کی مدد کریں۔ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ یہ ظلم و ستم زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔ تاریخ ظالموں سے حساب مانگے گی۔ خطے کا استحکام کشمیر میں امن سے منسلک ہے۔

اگر کشمیر میں یونہی خون بہتا رہے گا تو اس خطے میں امن نہیں آسکتا۔ کشمیر کے ساتھ ہماری بقا وابستہ ہے۔ دنیا ان مظالم کا نوٹس لے۔ بھارت اتنا ظلم کرے جتنا خود برداشت کرسکے۔ جب یہ لاوا پھٹا تو کوئی بھی نہیں بچے گا۔ علیسیا ڈائس نے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ یہ گانا کشمیریوں سے ہمدردی کے لیے ہے۔ امید ہے کشمیریوں کے دکھ جلد دور ہو جائیں گے۔ اس موقع پر عمر احسن نے بتایا کہ گانے کی تیاری بھرپور طریقے سے جاری ہے اور اسے نومبر میں ریلیز کردیا جائے گا۔ شوبز اور میوزک کے شعبے سے وابستہ کوئی بھی فرد دنیا بھر سے اس گانے میں شمولیت اختیار کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :