محکمہ موسمیات کی کل سے بارشوں کی پیش گوئی

اگلے چار پانچ روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کاامکان

پیر 2 جنوری 2017 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء)محکمہ موسمیات نے کل منگل سے بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے چار پانچ روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کاامکان ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے بتا یا کہ بارشیں خوشخبری لے کر آرہی ہیں اور منگل سے شمالی علاقہ جات سے بارشوں کا آغاز ہو گا ،پہلی بارش چترال میں ہو گی جس کے بعد اگلے چار پانچ روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کاامکان ہے اور خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں بھی ہلکی ہلکی بارش ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے وسطی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ،دروش ،آزاد کشمیر،مری اور گلیات میں برف باری ہو گی ،ْ پانچ اور چھ جنوری کو ڑوب اور کوئٹہ میںبارشیں اور پہاڑوں پر برفباری ہو گی ۔ ڈی جی میٹ نے کہا کہ خشک موسم سے متاثرہ فصلوں میں بارش سے جان پڑ جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے سلسلے کے بعد ٹھنڈی ہوائیں کراچی کا رخ کریں گی جس سے کراچی میں 8سے 10روز بعد درجہ حرارت کم ہو گا ۔انہوںنے کہاکہ کراچی میں اس بار بہت زیادہ سردی پڑنے کا امکان نہیں ہے ۔ڈی جی میٹ نے کہا کہ بارشوں کے دوران دھند کا سلسلہ کم ہو گا ۔