لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ادویات سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ،وزیر صحت بلوچستان

جمعہ 13 جنوری 2017 16:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ادویات سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے حکومت بلوچستان نے 7ہزارسے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرکے انہیں سروس سٹرکچرفراہم کیا ہے اب یہ لیڈی ہیلتھ ورکز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ اورانکے علاقے کے بارے میں آگاہی اورمعلومات فراہم کریں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو بوائے سکاوٹس ہیڈ کوارٹر میں نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی اور بنیادی صحت کے زیراہتمام لیڈی ہیلتھ ورکرز میں ویٹ اسکیل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے پروگرام کے پروانشل کوارڈی نیٹر ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ اور یونیسف کے ڈاکٹر شفیق الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ہماری روز اول سے کوشش رہی ہے کہ دور دراز علاقوں میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجارہا ہے اور ہماری کوشش رہی ہے کہ غیر ملکی ڈونرز کو بلوچستان لائیں جسمیں ہمیں بڑی حد تک کامیابی ملی ہے امن وا مان کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث غیرملکی ڈونرز بلوچستان آرہے ہیں اوروہ تمام اضلاع میں بلاخوف خطر جاکر محکمہ صحت کے کام کو چیک کررہے ہیں جس سے وہ مطمئن ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو جلد ہی کٹس اور ادویات کی فراہمی شروع کردی جائے گی جس کیلئے ہر ضلع میں جاکر تقریبات منعقدکی جائیں گی جس میں لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں سمیت مقامی ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے 7ہزارسے زائدلیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرکے انہیں سروس سٹرکچر فراہم کیا ہے اب لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو وبائی امراض سے بچاؤ اورانکے علاج کے بارے میںآگاہی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تقریب سے نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی اور بنیادی صحت کے پروانشل کوارڈی نیٹرڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو گزشتہ کئی سال سے ادویات کی فراہمی نہیں ہورہی تھی صوبائی حکومت نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ادویات کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات کو یقینی بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ یونیسف ہمار ے ساتھ بھرپور تعاون کررہاہے جس پر ہم اسکے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج یونیسف کی جانب سے فراہم کردہ ویٹ اسکیل کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جارہی ہیں جلد ہی صوبے کے دیگر اضلاع کی لیڈی ہیلتھ ورکر ز کو بھی یہ مشینیں فراہم کردی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پرصوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ ، پروانشل کوارڈی نیٹر ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ اور یونیسف کے ڈاکٹر شفیق الرحمن نے لیڈی ہیلتھ میں ویٹ اسکیل مشینیں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :