وفاقی وزیر داخلہ نے وفاق کی سطح پر نیشنل کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے لئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

جمعرات 8 دسمبر 2022 22:57

وفاقی وزیر داخلہ نے وفاق کی سطح پر نیشنل کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے وفاقی سطح پر نیشنل کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے لئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ، جلد ازجلد سفارشات پیش کیں جائیں ۔ وہ جمعرات کو نیکٹا کا تیسرےبورڈ آف گورنرز اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میں نیکٹا کی متعدد انتظامی اور مالی سفارشات پیش کی گئیں۔

نیشنل کوآڈینیٹر نیکٹا، محمد طاہر رائے کی طرف سے وفاقی سطح پر نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کی سفارش کی۔ جس کے لئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ایک سات رکنی کمیٹی تشکیل دینے اور مجوزہ تجویز پر جلد از جلد سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے نیکٹا کی کارکردگی سراہتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر نیکٹا کی کاوشوں کی خاص طور پر تعریف کی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی انہوں نے نیکٹا کو موثر کردار ادا کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اپنے ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کے ذریعے بہتر معاونت کی تلقین بھی کی۔ بورڈ ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پوری قوم اور وفاقی سطح پر مستحکم عزم کی بنیاد پر ہی دہشتگردی کو شکست دی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیر برائے پاور اینڈ انرجی خرم دستگیر، سینیٹرہدایت اللہ اور سینیٹر مقبول احمد کے علاوہ وفاقی سیکریٹریز داخلہ، دفاع، قانون و انصاف اور سیکریٹری خزانہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

ان کے علاوہ ڈی جی انٹیلی جنس، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی کاؤنٹر ٹیررزم آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس، چاروں صوبوں کے ہوم سیکریٹریز اور آئی جیز نے بھی بطور ممبران نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی۔