محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے کے اختتام پر راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

جمعرات 2 فروری 2017 19:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے اختتام پر جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ وقفے وقفے سے بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کو لینڈ سلائیڈنگ و طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے روز بلوچستان میں کہیں کہیں بارش جبکہ کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔جمعہ سے اتوار کے دوران خیبرپختونخوا کے اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ہفتہ اور اتوار کو اسلام آباد اور بالائی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش ہو گی۔اس دوران مری، گلیات میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ سے اتوار کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پربرفباری جبکہ ہفتہ کے روز صوبہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں بھی چند ایک مقامات پر بارش کاامکان ہے۔ وقفے وقفے سے بارش کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہفتہ/ اتوار کے روز لینڈ سلائیڈنگ/طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ، فاٹا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر جبکہ بلوچستان، ڈی جی خان، سرگودھا، راولپنڈی ڈویژن اور بالائی سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ جمعرات کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت کالام، استور، پاراچنارمنفی06، مالم جبہ، سکردومنفی04، گوپس، قلات منفی03، دیر اور بگروٹ میں منفی02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :