ْرواں ہفتہ کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقوں میں بارش/برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

بدھ 15 فروری 2017 11:35

ْرواں ہفتہ کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقوں میں بارش/برف باری کا امکان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتہ کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقوں میں بارش/برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جمعہ شام سے اتوار کے دوران خیبر پختونخوا اور فاٹا میں اکثر مقامات پر بارش جبکہ ہفتہ اور اتوار کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری ، اسی طرح جمعہ سے سوموار کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ، جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور اس دوران مری اور گلیات کے پہاڑوں پر برف باری کابھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کے روز شمالی بلوچستان کے چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی بھی پیش گوئی کی ہے اور اس دوران وقفے وقفے سے بارش کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

تاہم بالائی فاٹا، مالاکنڈ، ہزارہ، کوئٹہ، ژوب ڈویژن، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔کالام میں ایک ملی میٹر بارش جبکہ بنڈوگول میں 3 اور گولین میں 2 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔