بھارت کا جنگی جنون، کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے 4خواتین شدید زخمی

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں

اتوار 26 فروری 2017 13:01

راولپنڈی،کھوئی رٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2017ء) بھارت کا جنگی جنون بڑھنے لگا ،لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوان لڑکیوں سمیت 4خواتین شدید زخمی ہو گئیں جنہیں طبی امداد فراہم کر نے کے لئے پاک فوج کے جوانوں نے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار کے روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو نوجوان لڑکیاں اور دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے تشویشناک حالت میں ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔بعد ازاں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج نے بھی منہ توڑ جواب دیا جس پر بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔