حکومت طے کرے 23 اگست کے اقدامات کے ساتھ ہے یانہیں ایم کیو ایم پاکستان

مسئلہ فاروق ستار کی ضمانت کا نہیں مخصوص سوچ کا ہے، خواجہ اظہارالحسن

پیر 20 مارچ 2017 12:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ حکومت طے کرے کہ وہ23 اگست کے اقدامات کے ساتھ ہے یانہیں، مسئلہ فاروق ستار کی ضمانت کا نہیں بلکہ مخصوص سوچ کا ہے۔خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہاکہ حکومت 23 اگست کے اقدامات کے ساتھ ہے یا نہیں یہ اسی کو طے کرنا ہے کیونکہ ہمارے لئے 22 اگست کے مقدمات بے معنی ہیں۔

فاروق ستار سمیت 40 ہزار کارکنان پر 22 اگست سے پہلے کے مقدمات بنائے گئے ہیں، مسئلہ ضمانت کا نہیں بلکہ مخصوص سوچ کا ہے جب تک یہ سوچ ختم نہیں ہوگی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر بنائے جانے والے 40 ہزار مقدمات ایک حکم پر ختم کیے جاسکتے ہیں تو 22 اگست سے پہلے والے مقدمات ختم کیوں نہیں کیے جاتے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن کی گرفتار ی پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ اظہار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کی گرفتاریوں کا واقعہ بھی پیش آیا، یہ کوئی منفرد واقعہ نہیں، ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا اور مقدمات کا سامنا بھی کیا ہے۔

خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ 22 اگست سے پہلے بنائے جانے والے مقدمات کی پیروی کے لیے جب ہم عدالت پہنچتے ہیں تو وہاں کبھی تفتیشی افسر موجود نہیں ہوتا اور کبھی مدعی پیش نہیں ہوتا-