علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا فاصلاتی نظام فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کررہا ہے‘رسول بخش بہرام

مثبت سماجی اقدار کے فروغ کے لئے میڈیا کا کردار ناگزیر ہے،ذرائع ابلاغ اثر انگیزی کی وجہ سے جمہوریت کے نگہبان اور نگران بن چکے ہیں

منگل 4 اپریل 2017 20:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2017ء) مثبت سماجی اقدار کے فروغ کے لئے میڈیا کا کردار ناگزیر ہے،اہل صحافت کو اصول وضوابط پر کاربند رہ کر اپنے کار منصبی سرانجام دینے چاہئیں،ذرائع ابلاغ اپنی اثر انگیزی کی وجہ سے جمہوریت کے نگہبان اور نگران بن چکے ہیں،میڈیا ہماری نئی نسل کے ذہنوں پر غیر محسوس انداز سے قابض ہورہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ماہرین ابلاغیات نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لاہور کیمپس کے آڈیٹوریم میں ایم ایس سی ماس کمیونیکشن کے سیمینار اور الوداعی سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لاہور کیمپس رسول بخش بہرام نے کہاہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا منفرد فاصلاتی نظام فروغ تعلیم میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بھر میں اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد13لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔جن میں طالبات کا تناسب 67فیصد ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لاہور ریجن میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے جن میں طالبات کا تناسب 58فیصد ہے۔سیمینار سے مجیب الرحمن شامی ،نوید چوہدری،ایثار رانا،کورس کوآرڈینیٹر نصیرالحق ہاشمی،شیراز نثار رانا،نائلہ اور دیگر مقررین خطاب کیا جبکہ طلبہ نے نظمیں،پیروڈی اورفروغ تعلیم کے لئے خاکے پیش کئے۔