سی پیک کی تکمیل سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ایک نیا پاکستان دنیا کے افق پر ابھر کر سامنے آئے گا ،یہاں پر روزگارکے مواقعوں کی بہتات کے ساتھ ساتھ صنعتوں کا وسیع جال پھیل جائے گا ، خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ تیس فیصد فنڈزلو کل گورنمنٹ کو جاری کرکے اختیار کی نچلی سطح پر منتقلی کو یقینی بنایا

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کامنتخب نمائندئوں سے خطاب

پیر 22 مئی 2017 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے پا ک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ایک نیا پاکستان دنیا کے افق پر ابھر کر سامنے آئے گا ۔یہاں پر روزگارکے مواقعوں کی بہتات کے ساتھ ساتھ صنعتوں کا وسیع جال پھیل جائے گا ۔ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ تیس فیصد فنڈزلو کل گورنمنٹ کو جاری کرکے اختیار کی نچلی سطح پر منتقلی کو یقینی بنایا ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع صوابی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے یوتھ کونسلروں کے کثیر رکنی نمائندہ وفد سے اپنے حجرہ واقع موضع مرغز میں خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم این اے عاقب اللہ خان ، پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکر ٹری میجر ریٹائرڈ فدا حسین اور پی ٹی آئی مرغزکے صدر رونق زمان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ نوجوان ملک وقوم کا مستقبل ہیں، نو جوان کونسلر ز ہی آئندہ صوبائی اور قومی سطح پر قوم کی نمائندگی کر یں گے ۔

انہوں نے کہا خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاںنہ صرف لوکل گورنمنٹ ایکٹ پاس کیا گیا بلکہ بلدیاتی اداروں کو پچاس ارب روپے جاری کر کے حقیقی معنوں میں اختیار کو نچلی سطح پر منتقل کیا گیا جبکہ دیگر صوبوں میں تاحال بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کونسلران کیلئے بھی جلد ازجلد فنڈز کا اجراء کیا جائے گا تاکہ وہ بھی ترقی کی راہ میں اپنا سرگرم کر دار اداکر سکیں ۔

سپیکر نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے انتہائی ااہمیت کا حامل ہے ۔سی پیک کے باعث دنیا کی سیاست میں تبدیلی رونما ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت ملک میں روز گار کے لاتعداد مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی وصنعتی ترقی کا آغاز ہو گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بیس سال کے بعد سی پیک کی تکمیل سے ملک کا نقشہ بدل جائے گا ۔اسد قیصرنے کہا کہ خطے کے دیگرممالک کی سی پیک میں شرکت نہایت اہمیت کی حامل ہے جس سے بین الاقومی سیاست میں نمایاں تبدیلی وقوع پذیر ہو گی اور پاکستان کا شمار دنیا کے اہم ترین ممالک میں ہونے لگے گا ۔

انہوں نے نوجوانوں کوہدایت کی کہ وہ ایسی تعلیم وتربیت حاصل کرنے کو ترجیح دیں کہ جس کے باعث ان کو پرائیویٹ سیکٹر میں بھی اچھا روزگار مل سکے ۔ سپیکر نے کہا کہ اجتماعی سوچ کو پروان چڑھانا چاہیئے تاکہ مشترکہ طور پر ملک وقوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔ اسدقیصرنے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ضلع صوابی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ اربوں روپے کے پراجیکٹس کا اجراء کیا گیا جن میں بیشتر تکمیل کے قریب ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام ہمارے شروع کردہ پراجیکٹس اور سابقہ 65سال کے ترقیاتی منصوبوں کا موازنہ کریں توان کو بخوبی اندازہ ہوجائے گا کہ کس دورمیں زیا دہ ترقیاتی کام کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ صوابی میں تعلیم ،صحت ،مواصلات ،آبنوشی ، آبپاشی اور کھیلوں کی مد میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے ضلع صوابی میں مثبت انقلاب برپاہوگااور ضلع کو حقیقی ترقی سے ہمکنار کرنے میں مدد ملے گی ۔