وزیراعظم محمد نواز شریف کے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کیلئے حالیہ دورہ چین سے پاک چین اقتصادی تعاون مزید مستحکم ہوا، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف پر چینی قیادت کی جانب سے دیرینہ حمایت کو تقویت ملی

منگل 23 مئی 2017 21:14

وزیراعظم محمد نواز شریف کے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کیلئے حالیہ ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کیلئے حالیہ دورہ چین سے پاک چین اقتصادی تعاون مزید مستحکم ہوا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف پر چینی قیادت کی جانب سے دیرینہ حمایت کو تقویت ملی ہے، چینی دارالحکومت میں آمد کے بعد وزیراعظم نے اعلیٰ چینی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔

چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چین مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کا حامی ہے اور وہ پرامن بات چیت کے ذریعے اس کے حل کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے چینی ہم منصب کے ہمراہ ریلوے کی اپ گریڈیشن سمیت مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون کے 6 معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے ون بیلٹ ون روڈ فورم کے مکمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک خطے میں تمام ممالک کے لئے کھلا ہے۔ فورم کے آخری دن وزیراعظم نواز شریف نے لیڈرز رائونڈ ٹیبل نشستوں میں شرکت کی جس میں باہمی ترقی کے لئے قریبی شراکت داری پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیراعظم نے چینی صدر اور دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ فورم کے دوسرے روز ورکنگ لنچ میں بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان، ویت نام کے صدر تران دائی، ایتھوپیا کے وزیراعظم ہیلی ماریم دیسالین، بیلارس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو سمیت عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی اور علاقائی امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ کے دوسرے مرحلہ پر چین کے شہر ہینگ ژو کا دورہ کیا جس میں انہوں نے چین کے ممتاز ای پورٹل علی بابا گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور علی بابا گروپ کے درمیان پاکستان میں ای کامرس کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔ وزیراعظم نے ہانگ کانگ کا تین روزہ دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے سرمایہ کاری فورم سے خطاب کے علاوہ چین اور ہانگ کانگ کی اہم کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔دریں اثناء چینی ذرائع ابلاغ نے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کیلئے وزیر اعظم کے دورہ چین کو نمایاں اور بھرپور کوریج دی جو 14 سے 15 مئی کو چین کے دارالحکومت میں منعقد ہوا اور اس میں متعدد عالمی رہنمائوں نے شرکت کی۔

انگریزی اور چینی زبان کے ٹی وی چینلوں خاص طور پر چائنہ گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک، سی سی ٹی وی اور بی آئی نے وزیراعظم نواز شریف کی باضابطہ مصروفیات میں گہری دلچسپی لی اور اپنی خبروں اور دیگر پروگراموں میں اس حوالے سے متعدد فوٹیج بھی دکھائی گئیں۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے علاوہ پیپلز ڈیلی، گلوبل ٹائمز، چائنہ ڈیلی، بیجنگ ریویو اور شنگھائی ڈیلی سمیت ممتاز اخبارات نے وزیراعظم کی فورم میں بھرپور شرکت کے حوالے سے خبریں اور تجزیئے پیش کئے۔